سابق نگراں وزیراعظم معین الدین احمد قریشی کو ہفتے کے روز روک ول ’امریکا‘ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ وہ 86سال کی عمر میں 22نومبر کو انتقال کرگئے تھے۔
وہ 2سال سے پارکنسن کے مرض میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے بیٹے امیر شہاب قریشی کے مطابق انہیں پھیپھڑوں کا مرض ’سی او پی ڈی‘ بھی لاحق تھا۔
وہ معین قریشی کے نام سے معروف تھے اور 18جولائی 1993 سے 19 اکتوبر 1993 تک پاکستان کے نگراں وزیراعظم رہے، جبکہ اس دور میں وزیر اعظم نوازشریف اور صدر غلام اسحٰق خان اپنے عہدوں سے مستعفی ہوچکے تھے۔
ان تین ماہ کے دوران ان کی ذمہ داری شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد تھا۔ اس مختصر عرصے میں قومی اقتصادی حلقے میں خاصی تبدیلیاں کیں۔ آئی ایم ایف کے انتظامات کا اطلاق کیا، ٹیکس چوروں اور قرضہ لینے والوں سے حکومتی واجبات واپس بھی لیے تھے۔