لندن (مرتضیٰ علی شاہ) قوم پرست رہنما محمد مری (جنرل شیروف) کے صاحبزادے جلا وطن قوم پرست لیڈر میر شیر عالم مری نے کہا ہے کہ کسی فرد واحد کو مری وسائل کے استعمال پر فیصلہ کرنے کا حق نہیں اور ان وسائل کو استعمال کرنے کی ایسی کسی کوشش سے افراتفری پھیلے گی، نقصان ہوگا اور داخلی تقسیم واقع ہوگی۔ مری قبیلے کی ذمہ داری ہے کہ وہ نواب خیر بخش مری کی وصیت پر عمل کریں جنہوں نے اپنے سب سے چھوٹے صاحبزادے مہران مری کو مری قبیلے کا نواب بنایا تھا اور مری قبیلے کے عمائدین کے پاس وصیت چھوڑی تھی، نواب زادہ چنگیز مری کا حالیہ بیان کہ ان کو مری قبیلے کے قدرتی وسائل استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے افسوسناک اور غیر سود مند ہے۔ شیر عالم مری نے کہا کہ قدرتی وسائل تمام بلوچوں کی ملکیت ہیں چند افراد کی نہیں اور اس لئے چند افراد کے لئے کسی کو فیصلے کا حق نہیں۔