لایونین (اے ایف پی، جنگ نیوز) برازیل کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو لے جانے والا چارٹرڈ طیارہ کولمبیا کے شہر میڈیلن کے قریب پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوگیا ، حادثے میں فٹبال کلب چپیکونس ریال ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت 76افراد ہلاک ہوگئے ، طیارے میں کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان سمیت 81افراد سوار تھے، سول ایوی ایشن کے مطابق حادثےمیں 5افراد زندہ بچ گئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، زندہ بچ جانے والے افراد میں 3کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ ٹیم کے گول کیپر مارکوس ڈینیلو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ، لامیا ائیر لائنز کے طیارے نے مقامی وقت کے مطابق رات 10بجے کے قریب ایمرجنسی کا اعلان کیااور بتایا گیا کہ طیارے میں بجلی کا نظام خراب ہوگیا ہے ، تھوڑی ہی دیر بعد طیارہ میڈیلن شہر کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ،برازیلین صدر نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ، ایئرپورٹ حکام کے مطابق اس چارٹرڈ طیارے نے بولیویا سے پرواز کی تھی ، فٹبال کلب چپیکونس کی ٹیم نے بدھ کے روز میڈیلن میں اٹلیٹکو نیسنل ٹیم کے خلاف کوپا سدامریکانا کا فائنل میچ کھیلنا تھا، جو شاید اب کبھی نہیں ہوسکے گا،اس ٹورنامنٹ کا شمار جنوبی امریکا کے دوسرے اہم ترین کلب مقابلوں میں ہوتا ہے،چپیکو شہر سے تعلق رکھنے والی اس ٹیم کو سنہ 2014 میں برازیل میں فرسٹ ڈویژن کا درجہ دیا گیا تھا اور اس نے گذشتہ ہفتے ارجنٹیناکے کلب سان لورینزو کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی،اطلاعات کے مطابق طیارے میں 72 مسافر اور عملے کے9 ارکان سوار تھے اور یہ شہر سے باہر واقع پہاڑی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق 10 بجے کے قریب گر ا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا، میڈیلن میں واقع ہوزے ماریا کورڈووا ڈی ریونیگرو ہوائی اڈے نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے کہ ʼتصدیق کی جاتی ہے کہ ہوائی جہاز جس کا لائسنس نمبر سی پی 2933 ہے چیپوکونس ریال ٹیم کو لے کر جارہا تھا۔