جھنگ کے صوبائی حلقہ پی پی78 میں ضمنی انتخاب کیلیے پولنگ اسٹیشنز پر سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے۔ ایک خواجہ سرا سمیت 25امیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں۔
حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے اور سیکیورٹی انتظامات سخت ہیں۔ جھنگ کے صوبائی حلقہ پی پی78 میں آج ضمنی انتخاب ہوگا۔
حلقے میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار ناصر انصاری اور اہلسنت والجماعت کے حمایت یافتہ مولانا مسرور نواز جھنگوی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی، تحریک انصاف کے شیخ ارفع مجید، عوامی تحریک کے نسیم قادری اور خواجہ سرا محمد عارف عرف بوٹا بھی انتخابی دنگل میں موجود ہیں۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 6ہزار 562 ہے جن میں ایک لاکھ 8ہزار 627 مرد اور 97ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتخابات کیلیے 171 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور تمام کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر کیمرے کی اجازت نہیں ہوگی، صوبائی حلقہ پی پی 78 کی نشست سابقہ ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔