بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) متحدہ محاذ بہاول پور کے مرکزی رہنماؤں ملک حبیب اللہ بھٹہ،نواز ناجی،ہمایوں گلزار، طارق مجید چوہدری اور حاجی محمد جاوید نےکہا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے بہاول پور کا کردار نمایاں ہے،بہاول پور کی تاریخی حیثیت بحال کر کے ملکی سطح پر ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، اس وقت حکومت،عوام اور تمام ادارے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اس لیے موجودہ ملکی صورتحال میں بہاول پور صوبہ کی بحالی کے لئے اس سے بہترین وقت کوئی نہیں ہوسکتا،قانونی اور آئینی لحاظ سے بہاول پور کی عوام کو ان کا حق دے کر وزیر اعظم میاں نواز شریف یہاں کی عوام کے دل جیت سکتے ہیں،انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے بہاول پور صوبہ کا انتظامی ڈھانچہ مکمل کر لیا جائے اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں بحالی صوبہ بہاولپور کی پاس کی جانے والی قرار داد پرعملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر بحالی صوبہ بہاولپور کا اعلان کیا جائے۔