اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے ۔قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے اور ہم عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔عوام پر قرضوں اور ٹیکسوں کے ناقابل برداشت بوجھ لادنے کے بعد حکومت اب براہ راست عوام کی جیبیں بھی خالی کرنا چاہتی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر حکومت کے یہ دعوے کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں ایک بھونڈا مذاق لگتے ہیں۔ پیپلز پارٹی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ملک پر جس رفتار سے قر ضو ں کا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ لادا جا رہا ہے اس کا انجام خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ نہ دے اور انہیں حقیقی ریلیف مہیا کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے جا اور ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے۔