• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ہاکی ٹیم کوبھارتی ویزے نہ ملنے پر حیرت نہیں ہوئی، شہریار خان

لاہور (اے پی پی ) چیئرمین پی سی بی شہر یار خا ن نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کو جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارتی ویزے نہ ملنے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، بھارتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم میں ڈس ایبل کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی ایساہوچکا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ تو ہمارے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے لیکن بھارتی حکومت کی طرف سے کلیئر نس نہیں مل رہی۔ کھیل اور سیاست کو الگ ہونا چاہئے۔ ہاکی ،اسکواش ،کرکٹ اور کھیلوں کی دیگر فیڈریشنوں کے ساتھ مل کر بھارت کے ساتھ کھیلوں کے معاملہ پر مشترکہ پوزیشن لیں گے ۔ بگ تھری پر اسی وعدے پر دستخط کئے تھے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلے گا، بھارت کی طرف سے سیریز نہ کھیلنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہونے والے نقصان کے ازالہ کا آئی سی سی سے مطالبہ کریں گے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ ڈھاکہ میں خواتین مداحوں کا کھلاڑیوں کے کمروں میں چلے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے البتہ پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی۔ جب پی سی بی کو واقعہ کی رپورٹ ملے گی تو پھر اسے دیکھیں گے ۔ بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔شہریار خان نے کہا کہ مصباح الحق کو کم از کم ایک سال مزید کپتانی کرنے کا کہا ہے۔قبل ازیں شہر یار  نے قومی ڈس ایبل کرکٹ ٹیم اور پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ایسو سی ایشن کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔انہوں نے  ڈس ایبل کرکٹ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے اور وہیل چیئر کرکٹ ایسو ایشن کو دو لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔
تازہ ترین