• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالرحمٰن بھولا پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کے ثبوت سوشل میڈیا پر زیر گردش

کراچی (رپورٹ / آغا خالد) بلدیہ ٹائون فیکٹری میں تین سو مزدوروں کو زندہ جلا دینے والے مبینہ مرکزی ملزم اور سابق سیکٹر انچارج عبدالرحمٰن عرف بھولا کے پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہونے کے کچھ ثبوت سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں جن میں عبدالرحمٰن عرف بھولا کے بیوی بچوں اور والدہ کی تصاویر سابق ناظم مصطفی کمال، انیس قائم خانی، اشفاق منگی اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ عبدالرحمٰن عرف بھولا کو گزشتہ روز تھائی لینڈ میں انٹروپول کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جب اس سلسلے میں پاک سر زمین پارٹی کے ترجمان سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بھولا کے رکنیت فارم کی تصدیق سے انکار کیا اور کہا کہ ہماری ویب سائٹ پر ایسے فارم دستیاب ہیں جو کوئی بھی شخص بھر سکتا ہے مگر ضروری نہیں کہ ایسے فارم قبول بھی کئے گئے ہوں کیونکہ ہمارے کارکنوں کے ریکارڈ میں عبدالرحمن بھولا کا کوئی فارم موجود نہیں جبکہ تصاویر کے متعلق بھی ان کا کہنا ہے کہ یہ پچھلے ایک دو روز کی نہیں بلکہ یہ پاک سر زمین کی پارٹی کا اعلان ہونے کے بعد جس طرح متحدہ کے کارکنوں کی بڑی تعداد مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی سمیت دیگر رہنمائوں سے ملنے کیلئے آرہی تھی تو ایسے میں ان کے بیوی بچے بھی آئے تھے اور یہ سب ایک معمول کا حصہ تھا اسی لئے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ وہ وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ہماری قیادت نے عبدالرحمٰن عرف بھولا کی رہائی میں مدد کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی نہ ہی ہم ایسے لوگوں کی پشت پناہی کریں گے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مرکزی رہنما انیس قائم خانی کا اس سلسلے میں تفصیلی بیان چھپ چکا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عبدالرحمٰن بھولا نے جو جرم کیا تھا وہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن کی حیثیت سے کیا تھا اس کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اور اگر اس کا جرم ثابت ہو جائے تو اسے قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔
تازہ ترین