• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے کے 126سال پرانے ایکٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سوا سو برس پرانے ریلوے ایکٹ کو تبدیل کرنے اورسروس سٹرکچر کی ری سٹرکچرنگ کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں وزیر ریلوے نے ہیومن ریسورس کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ 1890ء میں انگریز دورِحکومت میں ریلوے کا بنایا جانے والا ریلوے ایکٹ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نیا بنایا جائے اور اس سلسلے میں  قانونی ماہراحمر بلال صوفی سمیت دیگرقانونی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔وزیر ریلویز کو بریفنگ دی گئی کہ وقت کے ساتھ ساتھ ریلوے میں ہزاروں آسامیاں خالی ہوچکی ہیں اور سی پیک سمیت دیگر چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ریلویز کو اہم اور ضروری آسامیوں پر بھرتی کی ضرورت ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ محکمے پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالے بغیر ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر اہل افراد کی انڈکشن کی پالیسی تیار کی جائے۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس میں ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے ریلوے کی کارکردگی کو سراہنے پر خواجہ سعد رفیق نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔  
تازہ ترین