راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) اے ڈی سی عارف رحیم نے کہا کہ12 ربیع الاول کے جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی اور مقرر کردہ روٹس کے علاوہ دوسرے روٹس پر جانے کی اجازت نہ ہوگی۔ منتظمین مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ کوششیں کی جا رہی ہے کہ 12ربیع الاول کو لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ڈی سی او دفتر میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حافظ اقبال رضوی، سید عتیق الرحمٰن شاہ‘ سید ناصر عباس زیدی‘ پنڈت چندر لال‘ پرویز عزیز سہترا‘ پادری ندیم کامران، سردار انوپ سنگھ نے شرکت کی۔ اے ڈی سی راولپنڈی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ بین المذاہب کمیٹی کے رہنما آپس میں مربوط رابطہ قائم کر کے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مل جل کر کام کریں۔ اس موقع پر علماء کرام نے مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔