راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران کے مقامی پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مری میں نادہندہ ہوٹلوں پر چھاپے۔ یہ کارروائی دونوں ہوٹلوں کے قرض نادہندگان کیخلاف بینکنگ کورٹ کی طرف سے فیصلے کے بعد کی گئی۔ ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن فرح رزاق نے بتایا کہ پنڈی پوائنٹ مری میں واقع ہوٹل کے مالک ارشد نواز ولد محمد اعتبار خان نے20 لاکھ روپے قرض حاصل کیا لیکن اسکی ایک پائی بھی واپس نہیں کی اور اس طرح مارک اپ اور جرمانے کے بعد ارشد نواز کے ذمہ اس وقت 33لاکھ 8ہزار 578روپے واجب الادا ہیں۔ میونسپل کمیٹی مری میں واقع الحیدر ہوٹل نے شائستہ زمان زوجہ معروف احمد عباسی کے نام پر سمال انڈسٹریز کارپوریشن راولپنڈی سے 20لاکھ روپے قرض حاصل کیا جو جرمانے اور مارک اپ کے بعد اس وقت 70 لاکھ6 ہزار917روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے کہا کہ متعدد بار نوٹسز جاری کئے جانے کے باوجود ابھی تک قرض واپس نہیں کیا گیا جس کے بعد بینکنگ کورٹ سے رجوع کیا گیا اور دونوں نادہندگان کیخلاف بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے بعد گرفتاری کیلئئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔