شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)سپریم کورٹ آف پاکستان نے وارث روڈ مین بازار شیخوپورہ میں کئی سالوں سے گنجان آبادی میں مرچوں کی پسائی کرنیوالی چکیوں کے چلنے کا نوٹس لے لیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈی سی او کو حکم جاری کیا ہے کہ ان چکیوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی کی جائے چیف جسٹس آف پاکستان کو اس علاقہ کی رہائشی ایک خاتون بلقیس بی بی نے تحریری درخواست بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان چکیوں کی وجہ سے ملحقہ آبادیوں میں کئی لوگ ٹی بی ، کالا یرقان اور دمہ کے مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں اور کئی لوگ ان بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جاچکے ہیں ، قبل ازیں ان چکیوں میں مرچوں میں چوکرکی ملاوٹ کرنے والے افراد کئی مرتبہ پکڑے گئے تھے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے تھے مگر سر بمہر کرنے کے باوجود چکیاں دوبارہ چل پڑی ہیں۔