اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے راولپنڈی سے میئر کے عہدے کے لئے مسلم لیگ (ن) میٹرو پولیٹین راولپنڈی کے صدر سردار نسیم کے نام کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم پارٹی کی طرف سے اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ 36 اضلاع میں ن لیگ کے میئر ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل کی نامزدگی کے سلسلے میں ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ راولپنڈی سے میئر کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ سے جب راولپنڈی میئر کی نامزدگی کے حوالے سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی سے سردار نسیم خان کے نام کو فائنل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی میئر کے فیصلے کے لئے انہیں بدھ کو بلایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہباز ، صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی 36 اضلاع میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین اور 13 بڑے شہروں میں میئر اور ڈپٹی میئر کی نامزدگی کے سلسلے میں بھیجی گئی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی میئر کا فیصلہ بدھ کو ہوگا بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں ضلع کونسل گجرات کے لئے چوہدری تنویر رضا ، گوجرانوالہ سے مظہر قیوم اور ملتان سے دیوان عباس کی بھی منظوری دی گئی راولپنڈی ضلع کونسل کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا فیصلہ نہ ہوسکا بدھ کو دوبارہ اجلاس ہوگا۔