بارسلونا(نمائندہ جنگ)ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسرنے سپین کے آئین کے تحفظ کے قومی دن کی تقریب میں شرکت اور نئی سیاسی جماعت سیوتادانس کاتالونیا کی ہیڈ’’ اینس آریماداس ‘‘سے ملاقات کی۔ملاقات میں پرویز اقبال لوہسر نے آئین کی بالادستی اور آئین کے تحفظ کے حوالہ سے ہو نے والی تقریب کو قومی وحدت کی علامت قرار دیا اور انہو ں نے کہا کہ ہمیشہ قوموں کی سر بلندی آئین کے تحفظ اور اس پر عمل پیرا ہونے میں ہوتا ہے۔اینس آریماداس نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پرویز اقبال لوہسر ، طاہر رفیع اور یاسر ادریس کی تقریب میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہماری جماعت بلا تفریق تمام انسانوں کو برابری کی سطح پر دیکھتی ہے۔ ہماری لئے کوئی تارک وطن نہیں ۔سپین میں رہنے والے تمام شہریوں کے حقوق ایک جیسے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاتالونیا میں پاکستانیوںکی ایک بڑی تعداد مقیم ہے جو صوبہ کاتالونیا کی ترقی اور معیشت کے بڑھاوے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس عمل کو ہم عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔