• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قربانیاںہم دیں اور لڈو رائیونڈ والے کھائیں اب ایسا نہیں ہوگا، اعتزاز احسن

لاہور، اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ قربانیاں ہم دیں اور لڈو رائے ونڈ والے کھائیں اب ایسا نہیں ہوگا، پاناما کیس کی سماعت جنوری تک موخر کرکے عدالت نے قوم کو مایوس کیا ہے، لطیف کھوسہ ہماری جماعت کسی صورت بھی مسئلے کو دفن نہیں ہونے دے گی، ہم آخر تک جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ قربانیاں پیپلز پارٹی دے اور لڈو رائے ونڈ والے کھائیں یہ اب نہیں ہوگا۔ مزید قربانیاں نہیں دینگے،اب پاناما والوں کی قربانی ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چار بنیادی اصول تھے۔ہم نے عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، پاکستان کو جمہوری وفاقی پارلیمانی آئین دیا، مزدوروں کو حقوق دیئے، سیاست کو ڈرائینگ روموں سے نکال کر چوکوں میں لائے عوام کو سیاسی شعور دیا۔ہمارے قائد کو جھوٹے مقدمے میں شہید کیا گیا اس کے بعد بے نظیر بھٹو نے علم اٹھایا ان کی شہادت کے بعد پانچواں اصول شہادت ہماری منزل وضع ہوا۔کسی دوسری جماعت نے اتنی شہادتیں نہیں دیں جتنی ہماری ہیں۔ لیکن اب اور شہادت نہیں دے سکتے۔ہم نے بلاول کی جان کا تحفظ کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ شریفوں نے دنیا کے امیر ترین حکمرانوں سے تعلقات بنائے ہیں 2000ء میں لبنانی وزیر اعظم حریری انہیں بچانے آیا اور آج قطری شہزادہ آتا ہے یہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر دنیا کے مخصوص بااثر خاندانوں کے تعلقات اور گٹھ جوڑ کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت جنوری تک موخر کرکے عدالت نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ایک انٹرویو میں سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ یہ ایک اہم کیس ہے لہٰذا عوام اب فیصلہ سننا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع سے یہی مؤقف رہا ہے کہ یہ مسئلہ عدالت کے بجائے الیکشن کمیشن یا پارلیمنٹ کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات اور 27 دسمبر کے ممکنہ لانگ مارچ پر بات کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کسی صورت بھی اس مسئلے کو دفن نہیں ہونے دے گی اور ہم آخر تک جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاناما لیکس کیلئے اگر سڑکوں پر آنا پڑا تو ضرور آئیں گے۔
تازہ ترین