لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ایمر جنسی وارڈ،میڈیکل اورسی سی یوکا معائنہ کیا اورہسپتال کے میڈیکل سٹور میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ شعبہ ایمر جنسی میں سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمران ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے جبکہ ایمر جنسی وارڈ کے ادویات کے مین سٹورکو تالا لگا ہوا تھا جبکہ ڈسپنسر ناصر بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔صوبائی وزیر نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسپنسر کو فوری طور پر معطل کرنے اور غیر حاضرسینئر میڈیکل آفیسر کے خلاف انکوائری کرنے کی ہدایت کی ۔مزید براں سی سی یو میں پانچ کارڈیک مانیٹر ز میں سے دو خراب پائے گئے۔خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ پر اپنی انتہائی ناپسندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ ایمر جنسی کی لیبارٹری کسی بھی صورت بند نہیں ہوسکتی اورایمر جنسی مریضوں کو ہر قیمت پر ادویات ہسپتال کی طرف سے فراہم کی جائیں ۔