ملتان،سیالکوٹ(سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ملتان میں شیرشاہ کےعلاقے سے4دہشت گردوں کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹسں اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، دہشت گردوں میں سیلاب خان،اکبر خان،اکرام خان اورعثمان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف انسداددہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا،ملزمان اہم سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں اور اہم انکشافات کی توقع ہے ۔آئی این پی کے مطابق دہشت گردوں سے 2خودکش جیکٹس،ایس ایم جی رائفل اوردیگر اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے،دریں اثناء سی ٹی ڈی سیالکوٹ نے ایمن آباد پل سنیاراں کے قریب چھاپہ مار کر تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق داعش سے ہے اور وہ مزار پر دہشت گردی کی پلاننگ کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ایمن آباد کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کرعامر، عبدالجبار اور وقاص کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے تقریباً ڈیڑھ کلو دھماکا خیز مواد، سیفٹی فیوز، ڈیٹونیٹرز وغیرہ برآمد کر لئے۔ ملزموں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو تفتیش کیلئے گوجرانوالہ منتقل کردیا ہے ۔