کراچی(جنگ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلباء ہماری نالج اکانومی کے کمانڈر ہیں۔ مستقبل کی جنگیں کلاس رومز اورلائبریوں میں لڑی جا رہی ہیں اور ان کی کارکردگی ہمارا مستقبل محفوظ کر سکتی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں بہتری نہ آئی تو پھر ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ۔ 2013 ء میں پاکستان کے تین بڑے مسائل تھے۔ پہلا مسئلہ لوڈشیڈنگ تھی اور اتنی شدید تھی کہ لگ ایسا رہا تھا کہ بجلی کی وجہ سے خدانخواستہ خانہ جنگی ہو گی ۔18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے معشیت برباد ہو رہی تھی ۔ دسرا مسئلہ معیشت کی زبوں حالی تھی ، خزانہ خالی ہو رہا تھا اور گروتھ ریٹ کم ہو رہی تھی ، زرمبادلہ کے ذخائر خالی ہو رہے تھے اور ہم بحران میں تھے ۔ تیسرا مسئلہ دہشت گردی تھا ۔ پاکستان میں سالانہ ساڑھے چار ہزار وآقعات ہو رہے تھے ۔ نیوز ویک اخبار نے 2013 ء میں خبر لگائی کہ دنیا کا سب سے خطرناک ملک عراق نہیں پاکستان ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام’’ کیپٹل ٹاک‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔حامد میر کی جانب سے یونیورسٹی کی جانب سے قبضے کیخلاف وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط پر توجہ دلانے پر یونیورسٹی میں قبضہ مافیہ سے نجات کے لیے وفاقی وزیر احسن اقبال نے یونیورسٹی انتظامیہ کی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کرانے کی حامی بھر لی ۔ جواد احمد نے کہا کہ تعلیم کو پرائیویٹائز کر کے تعلیم کو اتنا مہنگا کر دیا گیا ہے کہ غریب آدمی کے لیےتعلیم کا حصول بہت مشکل ہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے حامد میر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان پر اعتماد ہے اور میں اسی لیے بیرون ملک نوکری چھوڑ کر پاکستان آیا ۔پروگرام کے کے شرکاء نے حامد میر کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی میں نوجوان طلباء کے ساتھ پروگرام کرنے کے عمل کو سراہا اور اس کوقابل ستائش اقدام قرار دیا۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے حکومتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2016 ء میں جو جرائد پاکستان کو خطر ناک ملک قرار دیتے تھے آج وہ پاکستان کو آج ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ 8 سال میں ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔ موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کم کی ۔انھوں نے کہا کہ ہم 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے جا رہے ہیں ، نیا پاکستان ابھر رہا ہے ۔