اسلام آباد (حنیف خالد) اے ٹی آر طیارہ ساز کمپنی کی انسپکشن ٹیم ملتان جائیگی جہاں وہ اتوار اور پیر کی شب اے ٹی آر۔72طیارے کے انجن میں ٹیک آف کے دوران آگ لگنے کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ فرانس واپس جا کر حویلیاں فضائی حادثہ کے ساتھ پیش کریگی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملتان سے کراچی جانے والے اے ٹی ار 72طیارے کے پائلٹ کو اس وقت ائرٹریفک کنٹرولر نے ایمرجنسی کال دی کہ اسکے بائیں انجن سے آگ کا شعلہ بلند ہورہا ہے۔ پائلٹ نے کاک پٹ میں انجن کو آگ لگنے کا سگنل دیکھ کر طیارے کا تھراکٹل پش کرنے کی بجائے اسے ایمرجنسی بریک لگا کر روکا اور کاک پٹ میں موجود بٹن کو دبا کر انجن کے اندر لگی ہوئی آگ کو میکانزم کے ذریعے بجھایا۔ طیارے کو گرائونڈ کر دیا گیا اور اس میں سوار 60کے لگ بھگ مسافروں کو لائونج میں لے جایا گیا جن کو نئی پرواز کے ذریعے کراچی بھجوایا جا رہاتھا۔