ملتان (سٖٹاف رپورٹر)لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد( ہلال امتیاز ملٹری )نے ملتان 2کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار( ہلال امتیاز ملٹری )کو سونپ دی ،کو ر ہیڈ کوارٹر زمیں تبدیلی کمان کی پروقار تقریب ہوئی جس میں سینئر آرمی افسران نے شرکت کی ،تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو ملتان کور کی کمان سونپی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے کہا کہ مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہے کہ میں نے 2015 ءمیں ملتان کور کی کمان سنبھالی اور پیشہ وارانہ انداز میں بڑی خوش اسلوبی سے اپنے فرائض کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ لیفٹینٹ جنرل سرفراز ستاراعلیٰ اہلیت کے حامل آفیسر ہیں جو انشاء اللہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کرینگے۔لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے اپنی کمان کے دوران ہونے والے اہم واقعات پر روشنی ڈالی جس میں خصوصاً چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن ، ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے اہم اقدامات، جنوبی پنجاب کی ثقافتی تہذیب کو اجاگر کرنے کیلئے تصویری نمائش ، گریژن پبلک لائبریری کے قیام ،یوم دفاع ، یوم آزادی ، یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات شامل ہیں اورخصوصاً سیلاب کے دوران جنوبی پنجاب میں فوج کے ساتھ متاثرین کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں پرتہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسا باہمی تعلق مزید استحکام کی بنیاد بننے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب کے آخر میں نئے کور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارنے اپنے دور میں پیشہ وارانہ انداز میں مزید اعلیٰ اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔کور ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اس تقریب میں کمانڈر ملتان لاگ ایریا میجر جنرل فہیم العزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عابدممتاز، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد عارف، ملتان کور کے حاضرسروس ا ور ریٹائرڈ افسران کے علاوہ سول ایڈمنسٹریشن اور اعلیٰ سول شخصیات نے شرکت کی۔