راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب اور فلٹریشن پلانٹ لگانے والی کمپنی میں چھ سال بعد تنازعہ ختم ہوگیا ہے۔جس کے بعد راولپنڈی،چکوال اور میانوالی میں100فلٹریشن پلانٹس فلوٹیک کمپنی لگائےگی۔کمپنی کو2010میں پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس لگانے کا کام دیا گیا تھا۔کمپنی نے 30 فلٹریشن پلانٹس لگائے تھے جن میں سےمیانوالی کے سیلاب زدہ علاقوں میں29لگے تھے۔جس کے بعد محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب اور کمپنی کے درمیان عدالتی جنگ شروع ہوگئی تھی۔جس کا اختتام مسئلے کا حل باہمی طور پر نکالنے پر ہواہے۔جس کے بعد کمپنی کو تین اضلاع کے شہری علاقوں میں100فلٹریشن پلانٹس لگانے کا کام دیا گیا ہے۔جس کے تحت راولپنڈی ضلع کے شہری علاقوں میں40،چکوال اور میانوالی میں30/30پلانٹس لگیں گے۔پلانٹس کیلئے جگہوں کی نشاندہی کیلئے ضلع راولپنڈی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔جس کے سربراہ ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل،سیکرٹری اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اے ڈی نجمی ہوں گے۔کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کس تحصیل میں کس شہری جگہ پر فلٹریشن پلانٹ لگے گا۔