کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، محنت کش ہماری اولین ترجیح ہیں، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد بہت جلد اسٹیل مل سے متعلق لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،وہ کراچی میں پاکستان اسٹیل پیپلز ورکرز یونین (سی بی اے) کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کررہے تھے، جس میں چیئرمین سی بی اے شمشاد قریشی، مصطفیٰ زرداری، ممتاز بھٹو، سید حمید اللہ، سلیم سومرو، مرزا طارق جاوید، محتشم حیات سومرو، محمد ابراہیم اور دیگر شامل تھے۔ سی بی اے کے چیئرمین نے انہیں بتایا کہ پاکستان اسٹیل اس وقت شدید بحران کی سے گزر رہا ہے، ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں، ریٹائرڈ و مرحوم ملازمین کو مئی 2013 سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی، طبی سہولتیں بند ہو چکی ہیں، خورشید شاہ نے ادارے اور ملازم کے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کی جلد حل کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ یہ 19 ہزار ایکڑ زمین کا معاملہ ہے، جو سندھ حکومت کی ملکیت ہے اور پاکستان اسٹیل کی نجکاری اور زمینوں کی فروخت سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل سمیت کسی بھی متعلقہ ادارے سے منظوری کے بغیر نجکاری کا عمل غیر قانونی اور ملکی مفادات کے منافی ہے۔