کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی چیمپئن شپ میں صوبائی ٹیموں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ایونٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ واضح ہونا شروع ہوگئی۔ پول سی سے پاکستان آرمی اور سوئی سدرن گیس نے کوارٹر فائنل میں جگہ کنفرم کرلی ہے، پنجاب اور کے پی کے کی ٹیمیں فارغ ہوگئی ہیں۔ پول ڈی سے پاکستان پولیس کی ٹیم باہر ہوگئی، البتہ این بی پی نے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے، نیوی اور پی اے ایف کے درمیان اگلی ٹیم کے لئے رسہ کشی ہے۔ پول بی سے کسٹمز اور اسلام آباد کی ٹیمیں بھی آئوٹ ہوچکی ہیں، واپڈا کی امید برقرار ہے، پاکستان اسٹیل اور سرکاری ٹی وی کے درمیان پیر کو میچ کے بعد ایک ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گی، پول اے سے پورٹ قاسم اور پی آئی اے نے لاسٹ ایٹ میں رسائی ممکن بنالی ہے، جبکہ سندھ اور ہائیر ایجوکیشن کی ٹیمیں باہر ہوگئی ہیں، پول میچز پیر کو مکمل ہونگے۔