کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز سندھ قومی اسکواش چیمپئن شپ جہانگیر خان اسکواش کمپلکس میں ختم ہوگئی، فرحان زمان اور سعدیہ گل نے مردوں اور خواتین کےانفرادی اعزاز جیت لئے۔ اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز بریگیڈیئر محمد افضل خان اور سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے انعامات تقسیم کئے۔جمعرات کو کھیلے گئے مردوں کے فائنل میں نمبر دو سیڈ فرحان زمان نے ٹاپ سیڈ ناصر اقبال کو 3-2 جبکہ خواتین کے فائنل میں ٹاپ سیڈ سعدیہ گل نے ثمرا انجم کو 3-2سے مات دی۔بعدازاں میڈیا سےگفتگو میں جہانگیر خان نے کہا کہ ان کی اکیڈمی کے دروازے تمام کھلاڑیوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں، کھلاڑیوں کو تر بیت دینے کے بعد اب وہ خواتین کھلاڑیوں کو بھی ان کی خواہش پر ٹریننگ دیں گے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کھیل میں ترقی کے لئے درست سمت میں کام کررہی ہے، امید ہے کہ کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولت اور تر بیت سے وہ ملک کے لئے قومی اعزاز جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔