وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ تسلیم کرتے ہیں کہ ملک کی آبادی بے ہنگم انداز میں بڑھ رہی ہے، وزیراعظم نے ملک میں مردم شماری کرانے کا اہم فیصلہ کیا ہے ،جس سے ترقی کے اہداف کےحصول میں آسانی ہوگی۔
پائیدارترقیاتی اہداف سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وژن 2025ءکے تحت حکومت نے اہداف مقرر کررکھے ہیں، حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں منصوبہ بندی کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہر وزارت میں ملینیم گولز کےحوالے سے یونٹس قائم کیے گئے ہیں، پاکستان پہلا ملک ہے جہاں ان گولز کےحوالے سے ٹارگٹ بھی دے دئیے گئے ہیں، وزیراعظم خود اس سارے عمل پر نگرانی کررہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ پچھلے 22 برسوں میں ڈیٹاجمع کرنے کے حوالے سے اقدامات نہیں کیے گے،پاکستان گزشتہ 30برس سے دہشت گردی کا شکار رہا،تاہم گزشتہ تین برسوں میں کمی آئی ہے، صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہےکہ ہیومن ڈویلپمنٹ گولز پر عمل درآمد میں اپنی ذمہ داری پوری کریں، وفاقی حکومت اس سلسلے میں جو بھی معاونت کرسکتی ہےکرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے رپورٹنگ کی تربیت بھی کروا رہے ہیں، میڈیا نے پبلک میسجز کے لیے10 فی صد ٹائم دینے پر عمل شروع کردیاہے ،جو خوش آئند ہے،ہمیں سیاست سےبالا تر ہوکر پاکستان کے عوام کے بارے میں سوچنا چاہئے۔