اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے نجی ٹی وی چینل کو دئیےگئے انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف نے حکومت سے عدلیہ کے فیصلے پر اثر انداز نہ ہونے کے لئے کہا اور اسی کے نتیجے میں عدلیہ نے حقائق کو مد نظررکھتے ہوئے ان کانام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ سنایا۔ پرویز مشرف نے انٹرویو میں واضح طور پر کہا کہ وہ کسی بھی ڈیل سے لاعلم ہیں۔ ڈاکٹر امجد نے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ سازشی عناصر بیان کا غلط مطلب نکال کر پرویز مشرف، اعلیٰ عدلیہ اور افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، دنیا جانتی ہے کہ پرویز مشرف پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کر کے انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔