• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: شہری اتحاد کے تحت 2015ء کو الوداع کہنے کیلئے انوکھا احتجاجی مظاہرہ

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر شہری اتحاد کی جانب سے کرپشن، معاشی بدحالی، مہنگائی کی علامت2015ء کو الوداع کہنے کے لئے چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو ابن آزاد کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک پرانوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے گدھے اور گدھا گاڑی پر سوار ہو کر شہر کا گشت کرتے رہے اورالوداع الوداع کرپشن کا سال الوداع کے نعرے لگائے، مظاہرین سے مولانا عبیدللہ بھٹو، اشفاق بھٹی، فضل بھٹو، شعبان شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2015ء کا سال کرپشن کا بدترین سال ثابت ہوا، خاص طور پر سندھ کے حکمرانوں اور حکمران پارٹی کے نمائندوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ ڈالے جس کی مثال سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی حالت زار کراچی ،حیدرآباد، شکارپور، جیکب آباد ، گھوٹکی وغیرہ کی تباہ حالی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے کرپشن کر کے سندھ کے ہر ادارے کو تباہ کردیا ہے، سندھ کے شہروں کی حالت تباہی کے دہانے پر ہے، شہریوں کو بنیادی سہولتیں نہیں دی گئیں، مہنگائی میں سوفیصد اضافہ ہوا، پیٹرول، ڈیزل اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ واپڈا اور گیس کے محکموں نے شہریوں سے سکون چھین لیا، محکمہ نساسک کی صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال ، سیوریج کے پانی اور متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران نے عوام کا پیچھا نہ چھوڑا، روز مرہ کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،2015ء میں انسانی حقوق کی پامالی ہوئی، شہریوں کو حکمرانوں نے بنیادی سہولتوں سے محروم کر کے رکھ دیا، حکمرانوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی تجوریاں بھریں ۔
تازہ ترین