اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل سیشن جج پرویزالقادر میمن نے علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو دوبارہ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے جبکہ ریڈ وارنٹ کے اجراء پر سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔جمعرات کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف دوہرے قتل کیس کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد شعیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر کے عزیز فوت ہو گئے ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔اسسٹنٹ کمشنر محمد شعیب نے سابق صدر کی پراپرٹی ضبطگی کی رپورٹ بھی جمع کرائی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاق کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی ۔