لاہور( عمران احسان سے )اخراجات میں عدم شفافیت کی وجہ سے تحریک انصاف اوورسیز فنڈ کے سب سے بڑے یونٹ ا مریکہ سے لاکھوں ڈالر فنڈز کی فراہمی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ۔تحریک انصاف ٹرانسپیرنسی اکائونٹس سیل کےسابق ڈپٹی کنوینرو ترجمان عام لوگ اتحاد ڈاکٹر حفیظ قیصر نے بتایا الیکشن کمیشن میں کیس اور اخراجات میں شفافیت برقرار نہ رکھنے کی وجہ سےبرطانیہ ،کینیڈا،عرب امارات ،دبئی اور کویت سے اوورسیز پاکستانیوں کی اکثریت تحریک انصاف سے بددل ہو کر فنڈز بھیجنے بند کردئیے جبکہ تحریک انصاف نے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئےنئے افراد متمکن کردئیے ۔ سابق بانی رکن تحریک انصاف و سربراہ تحریک انصاف فائونڈرز گروپ اکبر ایس بابر نے بتایا میرا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہےجس میں عدالت نے تحریک انصاف کو 17 جنوری سے پہلے پارٹی فنڈز کےذرائع، اخراجات کامصدقہ حساب پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدم پیروی پر عدالت متعلقہ اداروں کو تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کرسکتی ہے۔اوور سیز فنڈز کے حسابات کی ہڈی تحریک انصاف کے گلے میں پھنس گئی ہے جو نگلی جا سکتی ہے اور نہ ہی اگلی جا سکتی ہے۔اکبر ایس بابر نے بتایالمبی لمبی تاریخیں لینا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے پہلے شعیب شاہین نامی وکیل بدلا اور اب نئے وکیل انور منصور خان کبھی بیمار ہو کر تاخیری حربے اپنائے ہوئےہیں۔ انھوں نےجو آڈٹ رپورٹ بھیجی ہے اس میں آڈٹ کمپنی نے پی ٹی آئی کی طرف سے مکمل رسائی نہ دینے کی تحریری شکایت کی ہے۔ آڈٹ کمپنی نےیہ بھی بتایا ہے کہ اخراجات ذاتی ملازمین،اکائونٹنٹ، ریسپشنسٹ کے اکائونٹ میں منتقل کئے گئے اور ان سے بلینک چیک لئے گئے۔پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہےکہ الیکشن کمیشن کو اس کیس کی سماعت سے روکا جائے اوروہ عدالت میں پیش بھی نہیں ہوتے۔عمران خان کیسا لیڈر ہے ایک طرف وہ حضرت عمر ؓکی مثالیں دے کر اپنی تقریر شروع کر تا ہے اور دوسری طرف اس نےہائیکورٹ میں اپنے دستخطوں سے حلف نامہ جمع کروا رکھا ہے کہ ایک کارکن مجھ سے اخراجات کی تفصیل کیسے طلب کرسکتا ہے؟ اکبر ایس بابر نے بتایا امریکہ میں فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے مر کزی کردارمحبوب اسلم نے بنی گالہ میں جب عمران خان سے فنڈز کا حساب مانگا اور پوچھا کہ بتایا جائے کہ کتنے اضلاع میں دفاتر بنائے گئے جس پر عمران خان نے کہا تم کون ہو یہ پوچھنے والے؟محبوب اسلم نے کہا ہم پارٹی کیلئے فنڈ دیتے ہیں اور اس کاحساب مانگنے کا حق رکھتے ہیں جس پر عمران خان نے کہا احمق شخص تم کیسے مجھ سے یہ پوچھ سکتے ہو؟ شدیدتلخ کلامی کے بعد عمران خان نے محبوب اسلم کا گریبان پکڑ ا اور ٹھڈے مارے اس کے بعد محبوب اسلم اور تحریک انصاف کے راستے جدا جدا ہوگئے۔ پی ٹی آئی میں چمک اور قبضہ مافیا کا راج ہوچکا ہےتبدیلی کا نعرہ کب کا فشوں ہوچکا ہے۔اس ضمن میں سابق میڈیا انچارج اسلام آباد محمود خان نے بتایا 17 جنوری کو تحریک انصاف کا نعرہ صاف چلی شفاف چلی جھوٹا ثابت ہوجائیگا۔ دوسروں کی تلاشی لینے اور احتساب کا نعرہ لگانے والے عمران خان ایک سال میں الیکشن کمیشن میں اوور سیز فنڈ اخراجات کی مصدقہ آڈٹ رپورٹ ہی نہیں پیش کرسکے۔ ہم نےگذشتہ عام انتخابات سے پہلے سکالرز پر مبنی ٹیکنوکریٹس کی ٹیم نے ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئےباکردار نئے چہرے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اوور فنڈز سے ایک سو اسمبلی کے ا میدواروں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپےمختص کئے گئے تھے مجموعی طور پر یہ اخراجات اربوں روپے میں بنتے ہیں۔دھرنے اور اسلام آباد پر قبضے کے دوران فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے جس بینک اکائونٹ میں رقومات منتقل کروانے کیلئے کہا گیا اس کا ذکر الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں سرے سے غائب ہے۔دھرنے میں کینیڈا،برطانیہ ،عرب امارات،کویت اور دبئی سے فنڈز ہنڈی کے ذریعے منتقل کئے گئے۔ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے اپنے موقف میں کہاہمارے پاس اکبر ایس بابر کے تمام سوالوں کے جواب موجود ہیں لیکن ہم لسٹ آف اکائونٹس الیکشن کمیشن کے بدمعاشی پر مبنی مخصوص رویہ اپنانے کی وجہ سےاسے جمع نہیں کروائیں گےکیو نکہ اس کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں ہی ہوجائیگا اور جب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوتا الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت ہی نہیں کرسکتا ہے۔ہم نے الیکشن کمیشن کے رویہ کےخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں یہ بھی پٹیشن بھی داخل کررکھی ہے کہ وہ کیوں ایسے شخص اکبر ایس بابر کی پٹیشن سن رہا ہے جسے ہم نے سات سال قبل بدعنوانی کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا تھا۔یہ جب بھی الیکشن کمیشن آتا ہے تو طلال چوہدری اور دانیال عزیز اس کے ہمراہ ہوتے ہیں۔محبوب اسلم واقعہ اور اوور سیز فنڈز کے امریکی یونٹ سے موصول ہونے والے فنڈز کے موجودہ سٹیٹس کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔انھوں نے اوورسیز تنظیمیں ٹوٹی ہوئی ہیں جلد نئی تشکیل دے دی جائیں گی۔انھوں تردید کرتے ہوئے کہا دھرنے کے دوران دنیا بھر سے موصول ہونے فنڈز کا باقاعدہ آڈٹ کروایا گیا ہے۔یہ بات بھی غلط ہے کہ ہم نےفنڈز کی رقومات اکائونٹنٹ ،کیشئیر یا کسی ذاتی ملازم کے اکائونٹ میں منتقل کیں۔ہم فنڈز اکٹھے کرنےکیلئے مشتہر کئے گئے بینک اکائونٹ اور اسکی تفصیلات نہیں چھپائیں۔ اکبر ایس بابر جھوٹا آدمی ہے اسے اقوام متحدہ سے نکالا گیا اس نے عمران خان کو دھمکی دی تھی کہ وہ اسے اسلام آباد کی سڑکوں پر گھسیٹے گا۔حنیف عباسی نے اکبر ایس بابر کی پٹیشن کی ہو بہو نقل ہی ہائیکورٹ میں فائل کررکھی ہے اس کا بھی مقابلہ کریں گے۔