لاہور (این این آئی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلا ف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے ساتھ عدلیہ کا ہمیشہ سے الگ،الگ برتائورہا ہے، یہی وجہ ہے کہ کوئٹہ کمیشن کی رپو رٹ آنے پر چوہدری نثار استعفیٰ دینے کی بجائے سرعام عدالتوں کی توہین کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عدلیہ پرحملے کرتی آئی ہے اور اب چوہدری نثا ربھی تاریخ دہرا رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہو ں نے کہا کہ اس ملک میں تمام قوانین و احتساب کے ادارے صرف پا کستان پیپلزپارٹی کیلئے ہیں، ایک ہی معاملے میں عدلیہ کا پیپلزپارٹی کیلئے اور قانون ہوتا ہے اور (ن) لیگ کیلئے ایک دوسرا قانون ہو تا ہے۔سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ہماری حکومت کو چلنے ہی نہیں دیا ،ہمارے منتخب وزیر اعظم کو گھر بھجوایا،میں آج بھی اعلانیہ کہتا ہوں کہ سابق جسٹس افتخار چوہدری کا رویہ پیپلزپارٹی کیساتھ جانبدارانہ تھا، ہمارے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ پو ری عدلیہ کی تاریخ میں یاد رکھا جائیگا۔پاکستان پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے ساتھ عدلیہ کا ہمیشہ سے الگ الگ برتائورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ میں چوہدری نثار علی خان کو ذمہ دار ٹھہرایاگیاہے ان کو اپنی نا کامی تسلیم کرنی چاہیے لیکن وہ سرعام کمیشن کی رپورٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ اسی کیس میں اگر پیپلزپارٹی فریق ہو تی تو ہمارے متعلقہ وزیر کو اب تک کب کا گھر بھیج دیا گیا ہوتا اور ہمارا سارانظام لپیٹاجا چکا ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے پیپلز پارٹی کو تقویت ملے گی ۔ 27دسمبر کو اہم اعلانات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ہم انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔