گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ شہر میں ڈرائیونگ لائسنس پر لگنے والی ٹکٹیں ڈاکخانہ جات سے ملنا مکمل طور پر بند ہو گئیں جبکہ بعض افراد مبینہ طور پر ٹکٹیں مہنگے داموں بلیک میں فروخت کرنے لگے ڈرائیونگ لائسنس کی ٹکٹیں ختم ہونے سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے افرادکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بتایاجاتا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس پر لگنے والی ٹکٹیں پچھلے کئی دنوں سے ملنا بند ہو گئی ہیں جس کے باعث ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے افراد کومختلف ڈاکخانوں سے ٹکٹیں حاصل کرنے کیلئے چکر کاٹ رہے ہیں مگر سائلین کو ٹکٹیں نئے سال میں ملنے کا کہہ کر ٹرخا دیا جاتا ہے سائلین نے اس امر پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ طور پر بعض افراد نے ڈاکخانہ جات سے ملی بھگت کر کے ٹکٹیں سٹاک کر لی ہیں جو اب مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے بیرون ملک ویزے آئے پڑے ہیں لیکن لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے ہم بیرون ملک نہیں جا سکتے سائلین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹکٹیں ختم کرنے والے افراد کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے ادھر ڈاکخانہ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے جتنی ٹکٹیں انہیں ملی تھیں وہ تقسیم ہو چکی ہیں جونہی نئی ٹکٹیں آئیں گی عوام کو دے دی جائیں گی۔