اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قوانین جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا اجلاس میں الیکشن بل 2017 اور الیکشن رولز 2017 کے مسودہ قوانین کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرقانون و انصاف زاہد حامد‘ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان اور وزیراعظم کے مشیر برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ‘ اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف اور وزیراعظم کے خصوصی معاون خواجہ ظہیر نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی نے قانون سازی سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جو پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں دیگر قانون سازی کی تجاویز جو کہ تیاری کے آخری مراحل میں ہیں‘ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی اصلاحات کمیٹی کی الیکشن بل 2017 اور الیکشن رولز کے مسودہ سے متعلق رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار نے کہا یہ رپورٹ دیگر سیاسی جماعتوں اور عوام کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی اور ان کو قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔