• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ہزار میگا واٹ بجلی منصوبوں کی تکمیل میں مکمل شفافیت ضروری ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں گیس پر چلنے والے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر ہونے والے کام کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا اجلاس میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی جبکہ خزانہ ، پانی و بجلی ، پٹرولیم و قدرتی وسائل ، این ٹی ڈی سی، اور پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی ) کے حکام نے بھی شرکت کی ایم ڈی پی پی آئی بی نے ان بجلی کے منصوبوں کی مدت تکمیل کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھ سو میگاواٹ منصوبے لگانے کے لیے جگہوں کا تعین کر لیا گیا ہے ان مقامات پر گیس کی سپلائی اور بجلی کی ترسیل کی سہولیات پہلے سے موجود ہیں۔ دوسرے منصوبوں کے مقامات کا بھی تعین کیا جا رہا ہے جن کو گیس کی دستیابی اور بجلی کی ترسیل کے انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں کے حوالے سے تمام کام طے شدہ مدت تکمیل کے مطابق کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کوئی تاخیر نہیں برتی جائے گی جبکہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں سے مشاورت بھی کی جاتی ہے۔ اجلاس میں منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ بھی ان منصوبوں کو مد نظر رکھا جائے گا تا کہ انہیں طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پانی و بجلی اور پٹرولیم و قدرتی وسائل کی وزارتوں سے کہا کہ وہ ان مجوزہ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے قریبی رابطے رکھیں ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں مکمل شفافیت ضروری ہے۔
تازہ ترین