جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج خیبرپختونخوا میں کرپشن عروج پر ہے اور حکومتی ادارے کمزور ہوگئے ہیں جبکہ بیوروکریٹس استعفے دے کر صوبہ چھوڑ رہے ہیں۔
جے یو آئی خیبر پختونخوا کے زیراہتمام صوابی میں تحفظ مدارس اور تاسیس جمعیت کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج خیبرپختونخوا میں کرپشن زوروں پر ہے، بیوروکریٹس استعفے دے کر صوبہ چھوڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اسلام کی جڑیں مضبوط ہیں، اسی لئے یہودیوں نے اسے کمزور کرنے کی کوشش کی، ہم وطن کو غلاموں اور یہودی ایجنٹوں سے نجات دلائیں گے۔
فاٹا اصلاحات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فا ٹا میں اصلاحات کے بجائے نیا نظام دیا گیا جس پر وہاں کے عوام مطمئن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام سے مشاورت کے بغیر فاٹا سے متعلق کوئی قانون سازی نہیں ہوسکتی،آج بچہ بچہ سمجھتا ہے کہ امریکا ہمارا آقا اور چین ہمارا دوست ہے، چین سے دوستی اب اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوچکی ہے۔