گھارو (نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر راجہ ریاض رند نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اصل طاقت پارٹی کے ورکرز ہیں ورکرز کو نظرا انداز کیے جانے سے پارٹی کی ساخت متاثر ہوئی ہے مگر اب پارٹی میں ورکر کی پرانی ساخت بحال کی جائے گی اور اسکی اہمیت کو بحال کیا جائے گا۔ یہ بات انھوں نے ضلع ٹھٹھہ کے دورے کے دوران گھارو پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ پیپلزپارٹی کا پرانا مضبوط قلعہ رہا ہے مگر بدقسمتی سے سندھ کا سب سے زیادہ پسماندہ ترین ضلع ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کی ترقی کے لیے ضلع کے عوام کو خصوصا نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا پیپلزپارٹی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ کی ترقی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں جلد ہی سندھ کی عوام سندھ کو ترقی کی میدان میں گامزن پائیں گے۔ اس موقع پر انکے ہمراہ کریم بخش لاشاری اور دیگر موجود تھے۔