شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے) نیب پنجاب نے بلدیہ شیخوپورہ کی کچی آبادی برانچ میں ہونیوالے کروڑوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے متعدد افسروں کو نیب آرڈیننس کے تحت کال اپ کا نوٹس جاری کردیا ہے ان افسروں میں دو سابق ٹی او آرز فرخ علی شاہ ، رانا الیاس احمد، لائٹ انسپکٹر مزمل شاہ، ہیڈ کلرکس میاں منشاء، رفیق شکوری سمیت متعدد اہلکاروں اور محکمہ مال سٹی سرکل کے پٹواری ملک شبیر شامل ہیں اس سلسلہ میں نیب پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد طارق کی طرف سے تحریری طور پر بلدیہ شیخوپورہ کے حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے اور ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شیخوپورہ کی کچی آبادیوں غلام محمد آباد، فیصل روڈ، دوسہرہ گراؤنڈ وغیرہ کے پلاٹوں کی الاٹمنٹوں ، ٹرانسفروں کا تمام ریکارڈ چار جنوری تک اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب حامد جاوید کی سربراہی میں بننے والی انکوائری ٹیم کو پیش کیا جائے، یہ تحقیقات متعد د شکایات کی بناء پر شروع کی گئی ہے۔ جن میں کہا گیا تھا کہ بلدیہ کے عملے نے شہر کے پوش علاقوں کو بھی کچی آبادیاں ظاہر کرکے کروڑوں روپے مالیت کی زمینیں بھاری رشوت لیکر لوگوں کو الاٹ کردی ہیں، دریں اثناء بلدیہ شیخوپورہ کے ذرائع نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔