• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آل پارٹیز خصوصی کمیٹی کا اجلاس، سراج الحق کی سربراہی میںمسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے خصوصی وفد تشکیل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی سربراہی میں کشمیر کے حوالے سے قائم آل پارٹیز خصوصی کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں سینیٹر مشاہد حسین سید‘ نیئر حسین بخاری‘ بیرسٹر سلطان محمود‘ عبدالرشید ترابی‘ لیاقت بلوچ اور میاں محمد اسلم نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینیٹر سراج الحق کی سربراہی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر مشتمل خصوصی وفد تشکیل دینے‘ کمیٹی کا اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی قومی وفد نوازشریف‘ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان سے ملاقاتیں کرکے اپنی تجاویز سے آگاہ کرے گا۔ خصوصی وفد اسلام آباد میں سلامتی کونسل کے مستقل و غیرمستقل 15 اراکین ممالک کے سفارتکاروں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس سے بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری سے قبل کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرائی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سب کا مشترکہ کاز ہے۔ ہمیں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مسئلہ سندھ طاس معاہدے کا ہے بھارت جس کو ختم کرنے کی بات کرتا ہے اور اس سے نکلنے کے لئے بار بار اعلانات کر رہا ہے۔ یہ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تجویز دی کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 2017ءکے پورے سال کے لئے مختلف پروگراموں کا ایک کیلنڈر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور ایک آل پارٹیز قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کی بات کی ہے۔ اگر ہم مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں تو عالمی برادری اس پر ضرور توجہ دے گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر پر منظور شدہ قراردادوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں غیرملکی سفارتکاروں سے ملاقاتیں کی جائیں اور عالمی حمایت حاصل کی جائے۔ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جب تک بین الاقوامی میڈیا مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرے گا تو عالمی برادری اس مسئلے سے لاعلم رہے گی۔ امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
تازہ ترین