اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نےکہا ہے کہ 2025تک ملک کے تمام علاقوں خاص طور پر رورل ایریاز سےمتعدی بیماریوں کا خاتمہ کیا جائیگا، اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاںوزارت منصوبہ بندی ترقی کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزارت صحت وقومی خدمت،وزارت تعلیم وفنی ترقی،وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈویژن،بین لاقوامی ادارہ برائے صحت،حکومت آزاد جموں کشمیر،فاٹا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ احسن اقبال نے کہا کہ صحت کی خراب صورتحال پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جسے فوری توجہ کی ضرورت ہے ہمیں بیماریوں سے بچائوکے لیے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنی پڑیگی، ہماری قوم میں سب سے بڑی بے احتیاطی تمباکو نوشی ہے ۔اْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک اہم پروگرام ہے جس سے ملکی آبادی کے ایک بہت بڑے حصے کو علاج کی سہولیات دستیاب ہو نگی ۔ کالم نگار جاوید چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کتاب اور تفریح کے کلچرکو فروغ دینا ہوگا اور دس مہلک بیماریوں اور ان سے بچاؤکے حوالے سے معلومات پاکستان کے تعلیمی نصاب میں شامل کیجائے ۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر عظمی نے بتایا کہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی پان گٹکا شیشہ اورالکوحل کا استعمال بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث ہے۔کانفرنس کے شرکاء کو بین الاقوامی ادارہ برائے صحت کیجانب سے جاری ہیلتھ رپورٹ کے مندرجات پر بھی بریفنگ دی گئی جسکے مطابق پاکستان میں متعدی بیماری کی شرح میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔