پشاور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما خلیل خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حوالے سے سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی کے انکشافات کی تحقیقات کیلئے کمیشن یا کمیٹی دی جائے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے جو کچھ کہا ہےوہ سو فیصد درست ہے، یہ ایک حساس معاملہ ہے اور ان انکشافات کی فوری طور پر تحقیقات کرائی جائیں ۔ان کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی کرنے کا دعویٰ مذاق ثابت ہواہے، مردان کے علاقے تخت بھائی میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد وزیرتعلیم عاطف خان کی جانب سے ایس ایچ او کو معطل کرنے سے تحریک انصاف کے ان دعوئوں کی نفی ہوتی ہے کہ پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایس ایچ اوایمانداری سے ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ایسے میں انہیں معطل کرنا قابل مذمت ہے ۔ خلیل خٹک کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے دھماکہ خیز اور دیگرمواد کی نشاندہی کیلئے سکینرز خریدے گئے تاہم انہیں استعمال میں لانے کی بجائے پولیس لائن میں ناکارہ پڑے ہیں ، جسکےاستعمال سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کھوکھلے نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، 2008مسلم لیگ ن کا سال ہوگاجس کے بعد حقیقی تبدیلی آئے گی۔