• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے پاک بھارت آبی مسائل کے حل کیلئے کوششیں شروع کر دیں ، جان کیری کا اسحاق ڈار کو فون

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی انتظامیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات طے کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تاکہ مسئلے کے موزوں حل کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جا سکے۔ اس رابطے کے بعد امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بھی مزید بات چیت کیلئے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا۔ امریکی انتظامیہ کو بھی ورلڈ بینک کی طرح خدشہ ہے کہ اس تنازع کی وجہ سے اُس معاہدے کو نقصان ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان آبی تنازعات گزشتہ 50؍ سال سے حل ہوتے رہے ہیں۔ قبل ازیں، ورلڈ بینک کے صدر جم یونگ کم نے بھارت اور پاکستان کے وزیر خارجہ کو خط لکھ کر انہیں آگاہ کیا کہ انہوں نے ثالثی کی درخواست پر فی الحال کام روک دیا ہے اور دونوں ملکوں سے کہا ہے کہ وہ جنوری کے آخر تک فیصلہ کر لیں کہ وہ مسائل کو کس طرح حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک ذریعے کے مطابق، عمومی طور پر سبکدوش ہونے والی امریکی انتظامیہ اس طرح کے معاملات کو آنے والی انتظامیہ کیلئے چھوڑ دیتی ہے لیکن اس تنازع کی سنگینی، اور بالخصوص اس خدشے کہ کہیں معاہدے کو نقصان نہ ہو، نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کو فون کال پر مجبور کر دیا۔ سفارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ چونکہ امریکا نے سندھ طاس معاہدے میں مدد کی تھی اسلئے وہ اس معاملے کے حل میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
تازہ ترین