پشاور(نیوزرپورٹر)پشاورہائی کورٹ نے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی راجہ فیصل زمان کے حلقہ پی کے49 کے لئے ترقیاتی فنڈجاری نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنرہری پور سے جواب مانگ لیاہے جبکہ ہدایات جاری کی ہیں کہ دیگرارکان اسمبلی کی طرح درخواست گذار کوبھی فنڈز جاری کئے جائیں جسٹس یونس تہیم نے رکن صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان کی رٹ کی سماعت کی اس موقع پران کے وکلاء خالدرحمان قریشی اوروقاص شاہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گذار کاتعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے صوبائی حکومت نے ہری پور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کئے جس میں وزیراعلی نے درخواست گذار کے حلقے کے لئے بھی ترقیاتی فنڈزمنظورکئے تھے اوروزیراعلی نے صوابدیدی فنڈزبھی جاری کئے اوراس حوالے سے نودسمبر کو اجلاس منعقد ہوا تاہم ڈپٹی کمشنر ہری پور نے تین دیگرارکان اسمبلی کے فنڈز توریلیز کردئے ہیں تاہم وزیراعلی کے واضح احکامات کے باوجود درخواست گذار کے فنڈزجاری نہیں کئے جارہے ہیں جس کامقصداس کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچاناہے انہوں نے بتایا کہ جب وزیراعلی خود فنڈزجاری کرنے کی ہدایت کرچکے ہیں تو ڈی سی کے پاس فنڈزروکنے کاکوئی جوازنہیں اس دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل قیصرعلی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنرسے ٹیلی فونک رابطے پرپتہ چلاہے کہ لیگی ایم پی اے کے فنڈزبھی جلد جاری کردئیے جائیں گے تاہم مزید وضاحت کے لئے انہیں مہلت دی جائے جس پرفاضل بنچ نے رٹ پٹیشن ایبٹ آباد بنچ منتقل کرتے ہوئے ڈی سی سے جواب مانگ لیاجبکہ انہیں فی الفورفنڈزجاری کرنے کی بھی ہدایت کی ۔