• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش اور برفباری‘ لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ نیلم جہلم اور کاغان ناران روڈ بند

اسلام آباد‘ مری‘ مانسہرہ‘ مظفر آباد ملتان (نمائندگان جنگ‘ ایجنسیاں) راولپنڈی اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا‘ کشمیر میں بدھ کو دوسرے روز بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔ مالم جبہ اور کالام میں دو فٹ تک برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ بارش دیر میں 59ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کالام میں 42‘ سیدو شریف 38‘ لوئر دیر 37‘ ایبٹ آباد 36‘ مالم جبہ 33‘ بالاکوٹ 28‘ اسلام آباد 26‘ چترال 18‘ راولپنڈی 15 اور مری میں 11ملی میٹر بارش ہوئی۔ مری میں بارش کے ساتھ ساتھ برف باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا یہ سلسلہ ہفتہ کے روز تک جاری رہے گا۔ ملکہ کوہسار مری میں سیاح بھی بارف باری کے منظر سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گرم اشیاء کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگیا۔مانسہرہ میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جبکہ ناران‘ کاغان‘ چھتر پلین اور دیگر پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے سیاحوں اور مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر شاہراہ کاغان‘ ناران کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔ برف باری اور شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان کئی مقامات سے بند ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ دریں اثناء شاہراہ نیلم جہلم لینڈسلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔ متعدد علاقوں کا مظفرآباد سے زمینی رابطہ کٹ کر رہ گیا۔ جنوبی پنجاب بدستور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ دریں اثناء راولپنڈی میں بارش گیس کے لئے آخری جھٹکا ثابت ہوئی۔ شہریوں کے مطابق پہلی بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں گیس پریشر زیرو پر پہنچ گیا اور شہری گیس سلنڈر کے استعمال اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے۔ ملتان میں دھند اور موسم کی خرابی کے باعث ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت تعطل کا شکار رہی۔ دن 12 بجے کے بعد ایئر لائنز نے فلائٹ آپریشن شروع کیا۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک اور پنجاب کے میدانی علاقوں‘ بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین