• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اوقاف آزاد کشمیر اختیارات میں رہ کر کام کرے، ڈاکٹر پرویز چوہدری

نیو کاسل (پ ر) امام العارفین میاں محمد بخش ٹرسٹ برطانیہ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف آزاد کشمیر اپنی حدود اور اپنے اختیارات کے اندر رہ کر کام کرے، محکمہ اوقاف نے اگر اوقاف ایکٹ کی خلاف ورزی کی تو اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام العارفین میاں محمد بخش ٹرسٹ برطانیہ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ محکمہ اوقاف کا بنیادی مقصد اور فرض آثار قدیمہ اور مزارات مقدسہ کی حفاظت کرنا ہے مگر افسوس یہ مزارات میں موجود روپے، پیسوں کے گلوں کی حفاظت کررہا ہے، دربار عالیہ کھڑی شریف کے صحن میں موجود عارف کھڑی میاں محمد بخش کی تعمیر کردہ عمارت شہید کردی گئی ہے جس سے ہم تاریخی ورثہ سے محروم ہوگئے ہیں۔ محکمہ اوقاف آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کررہا، محکمہ آمدن تو حاصل کرتا ہے مگر دربار عالیہ کھڑی شریف کی تزئین و آرائش کی طرف دھیان نہیں دیتا، عارف کھڑی شریف میاں محمد بخش کی کتابوں کی اشاعت کا بندوبست بھی نہیں کیا جارہا، عوام کو ان کی تعلیمات اور کردار سے بھی آگاہ نہیں کیا جارہا، دربار عالیہ کھڑی شریف میں اوقاف ایکٹ آزاد کشمیر کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں جسے تارکین وطن برداشت نہیں کریں گے۔ محکمہ اوقاف آزاد کشمیر نے اگر اپنا رویہ درست نہ کیا تو کھڑی شریف کی غیور عوام کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں مقیم میرپور کے لوگ اس سلسلہ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کے دورہ برطانیہ کے دوران سڑکوں پر نکلنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ عارف کھڑی شریف میاں محمد بخش سے برطانیہ کے لوگوں کی محبت اور عقیدت سب پر عیاں ہے۔ تارکین وطن محکمہ اوقاف آزاد کشمیر دربار عالیہ کے معاملات میں من مانیاں نہیں کرنے دیں گے۔
تازہ ترین