• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان رو بصحت

Maulana Fazlur Rehman Got Well
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان رو بصحت ہیں،وزیر اعظم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور سابق صدر آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا جمعرات کو لاہور میں پتےکا کامیاب آپریشن ہو ا تھا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مولانا تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف اورسابق صدر آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو گلدستہ بھجوایااور فون پر ان کی خیریت دریافت کی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بغیر پروٹوکول کے اسپتال پہنچے اور مولانا سے ان کی خیریت دریافت کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی مولانا کی تیمارداری کی، میڈیا سے گفتگومیں ان کاکہناتھا کہ جون 2018ءمیں حکومت اپنی مدت پوری کر لے گی، یہ فیصلہ کرنااہم ہےکہ مالی سال 2018-2019ءکا بجٹ کون سی حکومت پیش کرے گی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری، سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے اکرم درانی، پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو اور مسلم لیگ ق کے رہنما اجمل وزیر سمیت دیگر شخصیات نے بھی اسپتال میں مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی۔

جے یو آئی ف کے ترجمان مولانا امجد خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسپتال سےڈسچارج ہونے کے بعد چند روز لاہور میں ہی قیام کریں گے۔
تازہ ترین