لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنی معیاد پوری نہیں کرسکیں گے کیونکہ وہ ہمیشہ اپنی غلطیوں سے ہی نقصان اٹھاتے ہیں،ڈاکٹر عاصم اور پیپلزپارٹی دہشت گرد نہیں، اگر ڈاکٹر عاصم کرپشن میں ملوث ہیں تو کارروائی کی جائے، ہم آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو دہشت گردوں سے جوڑنا غلط ہے، آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں اور اس کی وجہ ڈاکٹر عاصم ہرگز نہیں، جلد ہی وہ وطن واپس آجائیں گے کیونکہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کو مل کر ملک میں سیاست کرنی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف شاید اپنی معیاد پوری نہ کرسکیں کیونکہ وہ ہمیشہ اپنی غلطیوں سے ہی نقصان اٹھاتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کب اپنے پیر پر خود کلہاڑی مارتے ہیں۔