اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ صوبائی اکائیوں کی حقیقی نمائندگی کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مابین اختیارات کا توازن ضروری ہے ۔ سندھ مدرستہ الااسلام یونیورسٹی کراچی کے 46 رکنی وفد کے پارلیمنٹ ہائوس دورے کے موقع پر میاں رضاربانی نے کہا کہ سینیٹ میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں تاہم ایوان کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر قومی اسمبلی کو ارکان کی عددی اکثریت کی وجہ سے فوقیت حاصل ہو جاتی ہے۔وفد نے ایوان بالا کی کارروائی دیکھی اور دستور گلی کا بھی دورہ کیا ۔ رضا ربانی نے کہا کہ معاشرے میں جمہوری قدروں کو فروغ دینے کیلئے طلباء تنظیموں کی بحالی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پورے ایوان بالا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو جلد ہی اپنی سفارشات مرتب کرے گی ۔ میاں رضاربانی نے تاریخی حوالے سے سندھ مدرستہ الااسلام کے کردار کو سراہا ۔ بعدازں مذکورہ وفد نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ معاشرے میں برداشت کا کلچر فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے وفد کو چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں کثیر الاعلاقائی تعاون اور رابطوں کو فروغ دے گا۔