• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

62,63 پر عمل ہو، چاہے مجھ سمیت سب گھر چلے جائیں، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 62, 63 پر عمل ہو، چاہے مجھ سمیت سب گھر چلے جائیں، ملک کا وزیراعظم قوم کے ٹیکس کے پیسے کا رکھوالا ہوتا ہے، پاکستان کے لئے فیصلہ کن وقت ہے، پاناما کے انکشافات ہی ثبوت ہیں، جو ثبوت ہم نے دے دیئے وہ کافی ہیں اس میں نواز شریف نکل نہیں سکیں گے، بار ثبوت ان پر ہے اور انہوں نے ہی منی ٹریل بتانا ہے، وزیراعظم پر کرپشن کے کیس ہونگے تو وہ کرپٹ لوگوں کو کیسے پکڑے گا؟ کوئی بچے نہ بچے پاکستان بچنا چاہئے۔میری جدوجہد وزیراعظم بننے کیلئے نہیں ہے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاناما کیس ہے کیا؟ موسیک فونسکا کا کمپیوٹر ہیک ہوا اور آئی سی آئی جے نے انکشافات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں نواز شریف نے لکھ کر تقریر کی اور تحریری بیان بھی دیا جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ انکے بچوں کی جائیدادیں ہیں جبکہ مریم نواز نے ٹی وی پر کہا کہ انکی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔ جو باتیں نواز شریف نے اسمبلی میں کہیں وہ جھوٹ نکلیں۔ ہم نے پاناما کیس اس لئے کیا کہ ملک کا وزیراعظم قوم کے ٹیکس کے پیسے کا رکھوالا ہوتا ہے۔ پاناما میں وزیراعظم کی ساکھ پر حرف آیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاناما کے انکشافات ہی ثبوت ہیں۔ قرضے لیتے لیتے ملک ڈوب رہا ہے۔ ملک پر عائد قرضوں کے سود کی ادائیگی کے لئے مزید قرضے لئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا جھوٹ بولنا چھوٹی بات نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کیس طاقتور ڈاکو کے احتساب کیلئے ہے۔ ہم نے ثابت کردیا کہ گلف اسٹیل خسارے میں تھی اور مریم نواز بینی فشری آنر ہیں۔ آصف زرداری کے سوئس اکاونٹس پر نون لیگ نے کچھ نہیں کیا کیونکہ ان کا مک مکا ہو چکا ہے۔ جو چیزیں ہم لے آئے ہیں یہ لانا نیب اور ایف آئی اے کاکام تھا۔ ہم نے جتنا کرنا تھا کر دیا، اب انکی ذمہ داری ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔
تازہ ترین