• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین او پی ایف امجد ملک29جنوری کو سپین کا دورہ کریں گے

بارسلونا (نمائندہ جنگ) چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن بیرسٹر امجد ملک 29جنوری کوسپین کا دورہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ’اوورسیز کے مسائل اور اُن کا حل‘ جیسے موضوع پر بات کرنے اور متعلقہ حکومتی اداروں سے فوری احکامات جاری کروانے کے لئے او پی ایف کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک، سعودی عرب، دبئی اور انگلینڈ کا دورہ کرنے کے بعد سپین آرہے ہیں، سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میں سفیر پاکستان رفعت مہدی سے ملاقات کے بعد وہ بارسلونا پہنچیں گے جہاں وہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور اُن کے مسائل سنیں گے۔ روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ سپین میں تارکین وطن کی میتوں کے اخراجات اور انہیں پاکستان پہنچانے میں مشکلات ، قومی ایر لائن میں میت کو وقتی طور پر نہ لے جایا جانا اور پاکستانی کمیونٹی کو قونصلیٹ آفس میں درپیش مسائل پر تفصیلی بات ہوگی اور کوشش کی جائے گی کہ فوری حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرزیر بحث لایا جائے، انہوں نے کہا کہ روزنامہ جنگ کے ایڈیٹوریل صفحات پریورپ اور سپین میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوںکے مسائل کی بات کی جاتی ہے اور چند دن پہلے شائع ہونے والا کالم ’’ تارکین وطن کی قبریں کہاں ہوں گی‘‘ پڑھ کر پاکستان کے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچی ہے اور میرا دورہ سپین بھی اسی کالم کی وجہ سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ میں خود جا کر پاکستانیوں کی میت حکومتی خرچے پر پاکستان بھیجنے جیسے مسائل پر بات کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ آفس میں کمیونٹی کو بات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہو گی، انہوں نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے مسائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے مشورے بھی دے کہ جس سے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ اور قونصلیٹ آفس بارسلونا اپنا کام بہتر انداز میں کر سکیں۔
تازہ ترین