لندن (جنگ نیوز)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہماڈل ٹائون لاہور کے 14شہید کارکنوں کے مقدمے کا ٹرائل فوجی عدالت میں نہ ہوا تو وہ دوبارہ اسلام آباد میں دھرنے سمیت کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ وہ گزشتہ روز لاہور سے لندن پہنچنے پر ہیتھرو ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور فوج دہشت گردی کے خلاف عظیم جنگ لڑ رہے ہیں لیکن یہ کارروائی کراچی تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ پنجاب میں بھی بلا امتیاز آپریشن شروع کرنا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تنازع سے عالمی امن کو خطرہ ہے اس لئے پاکستان عالم اسلام سے مل کر اس تنازع کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں عوامی تحریک کے کارکنان مقامی سطح پر ایڈجسٹمنٹ کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازت میں توسیع ایک آئینی مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور وفاق مل کرعدل کا قتل کر رہے ہیں ہماری FIRمیں ہمارے زخمی کارکنان کے خلاف ہی حکومت کارروائی کرنا چاہتی ہے جو سراسربے انصافی ہے۔