• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلا جانے والا کشمیر کپ آل پاکستان خواتین باسکٹ بال ٹورنامنٹ واپڈا نے لاہور ڈویژن کو 13-12 سے شکست دے کر جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی لاہور کی میرو خان کو قرار دیا گیا ۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کا میچ آرمی نے واپڈا بلیوز کو 16-10 سے شکست دے کر جیت لیا۔ فائنل کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیر رشید ملک نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جو 3x3 کی بنیاد پر کھیلا گیا یہ پہلا تجربہ تھا اور اس ایونٹ کو اولمپک اور اپریل میں ہونے والے اسلامک گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10لڑکیوں کا کیمپ اگلے ماہ لاہور میں لگے گا جس میں سے چار لڑکیاں اور ایک کوچ جو کھلاڑی بھی ہوگی اس کو شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ اور اسکے علاوہ باسکٹ بال کے وومینز ٹورنامنٹ وقفے وقفے سے پاکستان کے ہر شہر میں کرائے جاتے رہیں گے ۔ تقریب سے سیکریٹری خالد بشیر ، کرنل سید بصیر عالم ، عبد الناصر ، غلام محمد خان اور اصغر عظیم نے بھی خطاب کیا نظامت کے فرائض عظمت اللہ خان نے انجام دیئے۔ اس موقع پر واپڈا کی ٹیم کو 20ہزارروپے اور ٹرافی، لاہور کی ٹیم کو 15ہزار روپے اور ٹرافی جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیموں کو 10 اور ،5ہزار روپے اور وومین آف دی ٹورنامنٹ میرو خان کو 5ہزار روپے اور امپائرنگ ایسوسی ایشن کو 15ہزار روپے کا نقد انعام دیا گیا۔ تقریب میں امجد علی خان ، سعد ضیاء، محمد یعقوب ، معبود جعفری، محفوظ الحق ، عائشہ ارم ، پرویز احمد شیخ ، آمنہ مختار، ضائمہ طارق ، یعقوب قادری، ظفر اقبال، طارق حسین، اور دیگر نے شرکت کی ۔
تازہ ترین